یوکو بنک کے 3افسران سمیت 5ہلاک
رام بن اور کپوارہ میں المناک سڑک حادثے
سرینگر// رام بن اور کپوارہ میں دلدوز سڑک حادثوں کے دوران 3بنک افسران سمیت 5افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔تفصیلات کے مطابق جموں سے سرینگر آرہی ایک ویگن آر گاڑی زیر نمبر JK01K-1592ڈگڈول موڑ رام بن کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور شاہراہ کے کنارے سے لڑھک کر قریب400فٹ گہری کھائی میں جا گری۔اس حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام 3افراد ہلاک ہوئے ۔مرنے والوں کی شناخت یو کو بنک سرینگر کے منیجر کے کے کندن،اسسٹنٹ منیجر عبد الرشید نجار ساکن سرینگر اور کلرک ترلوک سنگھ ساکن ترال کے بطور ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ تینوں بنک ملازمین بنک کی کسی میٹنگ میں شرکت کرنے کیلئے جموں گئے تھے اور کل صبح واپس لوٹ رہے تھے جس کے دوران9بجے یہ حادثہ پیش آیا۔اس دوران کل شام چندر کوٹ سے رام بن کی طرف جا رہا ایک ٹپر زیر نمبرJK14A-1413نیہار کے نزدیک سڑک کے کنارے سے لڑھک کر کئی سو فٹ گہرے دریائے چناب میں جا گرا ۔اس حادثے میں ٹپر ڈرائیور سورج ناتھ ولد چندو رام ساکنہ جٹ گلی ہلاک ہوا اور اس کی لاش دریا میں تلاش کی جا رہی ہے۔ادھر ڈی سی آفس کپوارہ کے نزدیک تیز رفتار موٹر سائیکل زیر نمبر JK09-3494نے دلاور احمد میر ولد عبد العزیز ساکن ہتھ مولہ کپوارہ نامی راہگیر کو ٹکر مار کر کچل ڈالا جبکہ موٹر سائیکل سوار خود بھی زخمی ہوا۔دونوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال کپوارہ لے جایا گیا جہاں دلاور احمد نے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس رجسٹر کر لیا ہے۔



del.icio.us
Digg
تبصرے (0 پوسٹ):
تبصرہ کریں