سابق گورنر نے راج بھون کااور اختیار ات کا ناجائز استعمال کیا
پانڈے اورسنہا کے درمیان خفیہ سازبازکی تحقیقات ہو:مفتی
اطلاعات نیوز سروس سرینگر19نومبر
پی ڈی پی سرپرست اورسابق وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے سابق گورنر ایس کے سنہا کو ریاست میں منافرت اور انتشار پھیلانے کا ذمہ دار گردانتے ہوئے سوامی دیانند پانڈے اور سابق گورنر کے درمیان خفیہ سازبازکی تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اس سازش کے ''ماسٹر مائنڈ ''کا پتہ لگا کراسے عوام کے سامنے ننگا کیا جائے ۔
مفتی محمد سعید نے کہا کہ پی ڈی پی نے پہلے ہی سابق گورنر کے بارے میں خدشات ظاہر کئے تھے اور اس سلسلے میںان کی سرگرمیوں سے متعلق حکومت ہند کو بھی آگاہ کیا جاتا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی کے دور میں انہیں کئی طرح سے روکا گیا اور ان کی سرگرمیاں محدود کی گئیں لیکن یہ دور ختم ہوتے ہی سابق گورنر کوکھلا چھوڑ دیا گیا جس کے نتیجے میں انہوںنے گورنر ہاوس کو غلط طریقے سے استعمال کرتے ہوئے اپنے اختیار کا ناجائز استعمال کیا ۔
سابق گورنر کو شرائن بورڈ اور دیگر معاملات میں انتشار پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مفتی محمد سعید نے کہا کہ'' انہوںنے ہر ایک معاملے میں ٹانگ اڑائی جس کے نتیجے میں ریاست میں منافرت کی ہوا چلی اور صورتحال پر فرقہ واریت کا رنگ چڑھ گیا'' ۔ مفتی نے کہا ''دیانند پانڈے سابق گورنر کے دور میں ان کے مہمان بنے رہے اور حال ہی میں منظر عام پر آنے والی سازش میں سابق گورنر بھی ملوث ہیں'' ۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کو اس معاملے کی تہہ تک جانا ہوگا اور باریک بینی سے جانچ کرکے حقائق کو منظر عام پر لانا ہوگا تاکہ ملوث افراد کو سر عام بے نقاب کیا جا سکے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ دیانند پانڈے کے گورنر کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں اور یہ ایک سنگین معاملہ ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ یاترا کے حوالے سے مفتی محمد سعید نے کہا کہ پہلے بھی روایتی طو رپر یہ یاترا خوش اسلوبی سے جاری رہتی تھی لیکن ''سابق گورنرکے عزائم کی وجہ سے یاترا انتشار کا باعث بن گئی اور ریاست میں فرقہ واریت کو ہوا لگ گئی جس کے بعد کنفیوژن ہی کنفیوژن پیدا ہونے لگا جو کہ آج تک ختم نہیں ہو رہا ہے'' ۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی پی مطالبہ کرتی ہے کہ دیانند پانڈے کیس کی تحقیقات کرکے اس کے ماسٹر مانند کو بے نقاب کیا جائے تاکہ صحیح صورتحال لوگوں کے سامنے آ سکے ۔انہوںنے خبردار کیا کہ اگر آج اس طرح کی صورتحال کو نظر انداز کیا گیا تو یقینی طو ر پر آنے والے وقت میں یہ معاملات سنگین رخ اختیار کر جائیں گے جس کے بعد انہیں روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا ۔سابق گورنر کی طرف سے ان کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے بیان سے متعلق ایک سوال کو ٹالتے ہوئے مفتی محمد سعید نے مزید کہا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور اگر سابق گورنر نے عدالت میں جانے کے حوالے سے کوئی بات کی ہے تو اس میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ'' ہم یہ باتیں آج نہیں کہتے ہیں بلکہ پہلے سے ہی کہتے آئے ہیں''۔
اس مضمون کو رتٹ کریں



del.icio.us
Digg
تبصرے (0 پوسٹ):
تبصرہ کریں