بھارت پاکستان مذاکراتی عمل اخیر نومبر میں
شاہ محمود قریشی ، ہنگامی طور دلی پہنچ رہے ہیں
اطلاعات نیوز سروسہندو پاک مذاکراتی عمل کے پانچویں دور کو فیصلہ کن اور نتیجہ خیز بنانے کے علاوہ تنازعہ کشمیر پر کئی تجاویز لیکر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اگلے ماہ ہنگامی دورے پر نئی دلی پہنچ رہے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان داخلہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات کا اگلا دور 25نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا ۔ معلوم ہوا ہے کہ ہندوستان اورپاکستان کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کے پانچویں دور کیلئے دونوں ممالک میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اوراس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان ٹریک ٹو ڈپلومیسی میں بھی حرارت آگئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے پانچویں دور کے حوالے سے اگر چہ پہلے ہی شروعات ہو چکی ہے اور اس ضمن میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے سربراہان وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور پاکستانی صدر آصف زرداری کے درمیان ہوئی ملاقات میں فیصلہ لیا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور عنقریب شروع ہوگا ۔ معلوم ہواہے کہ دونوں ممالک نے مذاکرات کے اگلے دور میں تنازعہ کشمیر ، سیاچن اور سرکریک کے علاوہ آر پار اعتماد سازی کے اقدامات پر پیش رفت کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان نے کئی ایک تجاویز بھی تیار کر رکھی ہیں جنہیں دونوں ممالک کے وزرات خارجہ کی میٹنگ میں اگلے ہفتے پیش کیا جائیگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے اگلے دور کو نتیجہ خیز بنانے اور کشمیر پر پیش رفت کو یقینی بنانے کیلئے کئی ایک تجاویز لیکر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی دورے پر اگلے ہفتے نئی دلی پہنچ رہے ہیںجس کے دوران وہ بھارتی قیادت سمیت اپنے ہم منصب کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ ، اپنے ہم منصب پرنب مکھر جی کے علاوہ دیگر کئی لیڈران اورسفارتکاروں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور اس سلسلے میں بھارتی وزرات خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی وزرات خارجہ کے ترجمان نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ کشمیر پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگئی ہے اور ٹریک ٹو ڈپلومیسی کافی حد تک کارگر ثابت ہوئی ہے اس لئے امید کی جاسکتی ہے کہ اگلے دو تین ماہ کے اندر اندر کسی بھی وقت تنازعہ کشمیر پر پیش رفت ہو سکتی ہے ۔پاکستانی وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ کے نئی دلی دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کئی ایک تجاویز لیکر بھارت جا رہے ہیں اوریہ تجاویز دونوں ممالک کے درمیان حل طلب معاملات کو سلجھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں ۔ ان کاکہنا تھا کہ دونوں ممالک مذاکرات کے اس اگلے دور کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے کئی ایک معاملات پر پیش رفت چاہتے ہیںجن میں مسئلہ کشمیر سر فہرست ہے ۔ ادھر دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن وزیر خارجہ کی میٹنگوں سے متعلق ٹائم ٹیبل ترتیب دینے میںجٹ چکے ہیںاور ان کی بھارت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوںکو بھی یقینی بنانے کا کام جاری ہے ۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور25نومبرکو اسلام آباد میں منعقدہورہا ہے جس میں دونوں ممالک کے داخلہ سیکریڑی دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ پر روک لگانے پر مذاکرات کریں گے ۔ معلوم ہو اہے کہ بھارتی وفد کی قیادت امور داخلہ کے سیکریڑی مدھوکر گپتا کر رہے ہیںاور ان مذاکرات میں دہشت گردی سر فہرست رہے گی ۔ بھارت وزیرخارجہ کے مطابق ان مذاکرات کے دوران پاکستان پر زور دیاجائیگا کہ وہ سر حد پار در اندازی کو روکنے کیلئے اقدامات کریں اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں منشیات کی سمگلنگ پر روک لگانے کیلئے بھی کئی تجاویز کا تبادلہ خیال ہوگا ۔ اس کے علاوہ ان مذاکرات میں جعلی کرنسی اور بارودی مواد کی منتقلی پر بھی بات چیت ہوگی ۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کاسامنا ہے اسلئے اس سے کس طرح سے بچا جا سکتا ہے ان معاملات کو بھی زیر بحث لایا جائیگا ۔(کے این ایس)
اس مضمون کو رتٹ کریں



del.icio.us
Digg
تبصرے (0 پوسٹ):
تبصرہ کریں