ع حریت لیڈران گھروں میں نظربند
اطلاعات نیوز سروس سرینگر
14نومبر کو بانڈی پورہ میں الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے کی کال کے پیش نظر ع حریت کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق ، آغا سید حسن اور بلال غنی لون کو پولیس نے ایک روز قبل ہی گھر میں نظر بند کر دیاہے جس کے بعد آج حریت کی ہنگامی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ حریت ایگزیکٹیو لیڈران کی نظر بندی کے باعث اب یہ کام جنرل کونسل کے ممبر ظفر اکبر بٹ کو سونپ کر نیا پروگرام جاری کرد یا گیاہے۔
ع حریت کی جانب سے موصولہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میر واعظ منزل پر آج حریت کانفرنس کا ایک ہنگامی اجلاس مولانا عباس انصاری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ جنرل کونسل کے لیڈران کی گرفتاری اور نظر بندی کے بعد الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے کے حوالے سے جنرل کونسل کو ایگزیکٹیو کونسل کے اختیارات تفویض کئے جاتے ہیں تاکہ وہ انتخابات کے دوران بائیکاٹ مہم کے حوالے سے
حریت کے پروگرام کو آگے بڑھا سکیں۔
بیان کے مطابق بانڈی پورہ میں الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے کی کال کے پیش نظر سرکار نے میر واعظ عمر فاروق اور آغا سید حسن کو ایک روز قبل ہی گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے جبکہ بلال غنی لون 8روز سے ہی گھر میں نظر بند ہیں۔اس دوران میٹنگ میں پہلے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے جاری کردہ تازہ پروگرام میں'' عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ 17نومبر کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں لوگ اپنے گھروں کے باہر بورڈ آویزان رکھیں جن پر (No Election)کے الفاظ تحریر ہوں''۔اس کے علاوہ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ اگر انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل تمام لیڈران کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تو لیڈران آپس میں فون پر رابطہ بنائے رکھیں تاکہ عوام تک پروگرام پہنچایا جا سکے۔اس دوران میٹنگ میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کے حالیہ بیان پر شدید رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس پارٹی کے لیڈران کے عزائم واضح ہو گئے ہیں اور یہ لوگ کشمیری عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔پی ڈی پی پر بھی نکتہ چینی کرتے ہوئے ع حریت نے کہا کہ یہ دونوں پارٹیاں ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں اور ان کا مقصد صرف اور صرف کشمیری عوام کو دھوکہ دینا ہے۔میٹنگ میں حریت لیڈران میر واعظ عمر فاروق ،بلال غنی لون،آغا سید حسن،سجاد غنی لون اور سید سلیم گیلانی کی نظر بندی کی کاروائی کی مذمت کی گئی ہے۔اس موقعہ پر میٹنگ میں مولانا عباس انصاری ،فضل الحق قریشی،ظفر اکبر بٹ،یاسمین راجہ،خلیل محمد خلیل،نذیر احمد رونگا،چودھری شاہین،مشتاق احمد صوفی،شبیر احمد ڈار،حکیم عبد الرشیداور غلام نبی زکی نے شرکت کی۔
اس مضمون کو رتٹ کریں



del.icio.us
Digg
تبصرے (0 پوسٹ):
تبصرہ کریں