روزنامہ اطلاعات سرینگر كشمیر: مغل روڑ کو عید سے قبل کھولا جائے:گورنر مغل روڑ کو عید سے قبل کھولا جائے:گورنر ================================================================================ izhar haq on 2008 , 08 September انفو سرینگر ریاستی گورنر نے مغل روڑ کو عید سے قبل ہلکی گاڑیوں کیلئے کھولنے کی ہدایات دی ہیں ۔گورنر این این ووہرا نے کل ضلع شوپیاں کے دبجن علاقے میں مغل روڈ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور 84 کلو میٹر لمبی اس اہم سڑک پر جاری کام کا جائیزہ لیا جو بیک وقت بفلیاس پونچھ اور شوپیاں کشمیر دونوں اطراف سے تعمیر کی جا رہی ہے ۔اس موقعے پر گورنر کو روڈ پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق پروجیکٹ دسمبر 2010 تک مکمل ہونے کی امید ہے ۔ ابھی تک پونچھ کی طرف سے 34 کلو میٹر جبکہ شوپیاں کی طرف سے 39 کلو میٹر فئیر ویدر سڑک کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے ۔ باقی ماندہ ساڑھے دس کلو میٹر روڈ کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ گورنر نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عید سے پہلے اس سڑک کو جیپ چلانے کے لائق بنائیں ۔واضح رہے کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کی وجہ سے اس اہم پروجیکٹ پر کام 20 دن تک رُک گیا تھا ۔ مغل روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں جولائی 2007 سے اب تک 49 چھوٹے پل اور ایک بڑا پُل تعمیر کیا گیا جبکہ اس وقت پانچ چھوٹے اور ایک بڑے پُل پر کام جاری ہے ۔ سال 2005 میں وزیر اعظم ہند کے تعمیر نو پلان کے تحت یہ ڈبل لین روڈ پروجیکٹ ہاتھ میں لیا گیا ہے جس پر 639.85 کروڑ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے ۔ منصوبے کے مطابق بفلیاس سے پونچھ تک یہ سڑک 13000 فُٹ کے پہاڑی رینج کو پار کرے گی ، جو بانہال پاس سے اونچا ہے ۔گورنر کے پرنسپل سیکرٹری بی بی ویاس اور سیکرٹری پبلک ورکس شلیندر کمار گورنر کے ہمراہ تھے ۔