• A A A
  • فونٹ منتخب کریں
  • یقین دہانی کے بعد سرینگر میونسپل کارپوریشن کی ہڑتال ختم

    شہر کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع،عوامی حلقوں کا اظہار اطمینان
    سرینگر// ریاستی حکومت کے نمائندوںکے ساتھ طویل میٹنگوں اور وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کی طرف سے یکم مارچ تک احکامات پر عملدرآمد کی تحریری یقین دہانی کے بعد سرینگر میونسپل کارپوریشن کے5000ورکروں نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد شہر کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر ہاتھ میں لیا گیا۔ کارپوریشن کے ملازمین گذشتہ کئی روز سے کام چھوڑ ہڑتال پر تھے جس کے نتیجے میں شہر غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل ہوا تھا اور ہر طرف گندگی جمع ہونے سے بدبو اور عفونت پھیل گئی تھی۔اس صورتحال کی وجہ سے شہر میں صاف صفائی کا کام مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گیا تھا جس کے نتیجے میں خاص طور پر پائین شہر کی نالیوں اور ڈرینوں میں غلاظت کے ڈھیر جمع ہونے سے انتہائی حد تک بدبو پھیل گئی تھی۔کارپوریشن ملازمین کی انجمن نے دعویٰ کیا ہے کہ اُنہوں نے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار کی یقین دہانی پر اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔جموں سے سرینگر میونسپل ایمپلائز یونین کے صدر حاجی بشیر احمد نے حکومت کے ساتھ اُن کی بات چیت اور ہڑتال کی واپسی کے بارے میں بتایا” حکومت نے ہمیں کل منگل کو جموں طلب کیا تھا اور ہم نے وزیر مملکت برائے شہری ترقی ناصر اسلم وانی اور قانون کے وزیر علی محمد ساگر کے ساتھ دوران شب ہی میٹنگیں کیں، انہوں نے ہم سے28فروری تک کا وقت طلب کیا، اُس کے بعد آج گیارہ بجے سیکریٹریٹ میں حکومت کے ساتھ ایک اور میٹنگ ہوئی جس میں علی محمد ساگر اور ناصر اسلم وانی کے علاوہ کمشنر سیکریٹری پلاننگ بی بی ویاس نے بھی شرکت کی“۔ حاجی بشیر نے مزید بتایا” حکومت نے ہمیں یقین دلایا کہ وہ یکم مارچ تک ہمارے مسائل حل کرانے کے احکامات کو نافذ کرے گی، اس لئے ہم نے ابھی اپنی ہڑتال واپس لینے کا فیصلہ کیا اور ورکروں کو ہدایات دیں کہ وہ ہنگامی طور پر شہر کی صفائی کا کام ہاتھ میں لیں“۔ ایس ایم سی ایمپلائز یونین کے صدر کے مطابق اُنہوں نے15لاکھ شہریوں کی مشکلات سامنے رکھتے ہوئے ہی حکومت کی یقین دہانی پر بھروسہ کیا اورہڑتال ختم کی۔انہوں نے مزید کہا ” آج سہ پہرتین بجے ہمارے مطالبے پروزیر اعلیٰ نے بذات خود ہمیں تحریری طور یقین دہانی کرائی کہ یکم مارچ تک ہمارے مسائل حل کئے جائیں گے جس کے بعد ہم نے اپنی ہڑتال واپس لینے کا فیصلہ کیا“۔میونسپل ملازمین کی ہڑتال ختم ہوتے ہی کارپوریشن کے اہلکار اور گاڑیاں شہر کے مختلف علاقوں میں متحرک ہوگئیں اور گندگی کے ڈھیر ہٹانے کا عمل شروع کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے 5000ملازمین گذشتہ کئی روز سے ہڑتال پر تھے جس کی وجہ سے شہر کی صفائی بھی بری طرح متاثر ہورہی تھی اور چاروں طرف گندگی کے ڈھیر اور بد بو پھیل رہی تھی۔ ملازمین ادارے کی ترتیب نو اور فنڈس کی منتقلی کے حق میں ہڑتال پر تھے۔دریں اثناء’ایجیک‘(ق) کے سربراہ عبد القیوم وانی نے کے ایم این کو بتایا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی ہڑتال حق بجانب تھی کیونکہ مذکورہ ادارے میں جب تک ترتیب نو کا عمل شروع نہیں کیا جائے گا، تب تک اس میں ہورہی بے ضابطگیوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ عبد القیوم وانی نے بتایا” سرینگر میونسپل ایمپلائز یونین ایجیک کی ایک اہم اور موثر اکائی ہے اور ہم اُن کی مانگوں کے حق میں اُن کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں“۔

    SociBook del.icio.us Digg Facebook Google Yahoo Buzz StumbleUpon
    1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (کوئی ریٹنگ نہیں)
    Loading ... Loading ...
    اس خبر کو پرنٹ کریں اس خبر کو پرنٹ کریں اس صفحہ کو ای میل کریں اس صفحہ کو ای میل کریں

    تبصرہ کریں

    Spam protection by WP Captcha-Free

    رائے

    آپ کو ہماری نئی سائٹ کیسی لگی ؟

    View Results

    Loading ... Loading ...

    نیوز لیٹر

    Loading...Loading...